مردان: مردان میں تیز بارش کے باوجود واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی مردان (WSSCM) کا نکاسی آب آپریشن مکمل طور پر فعال رہا۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر شاہد خان نے بارش کے دوران فیلڈ میں موجود رہتے ہوئے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کے کام کا جائزہ لیا۔
سی ای او شاہد خان نے کالج چوک، بکت گنج اور دیگر متاثرہ مقامات پر جاری نکاسی آب آپریشن کا معائنہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مردان شہر میں آٹھ مقامات کو ہاٹ سپاٹ قرار دیا گیا ہے جہاں ٹیموں کو بروقت تعینات کر کے نکاسی آب کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
شاہد خان نے کہا کہ تمام ہاٹ سپاٹس کو بروقت کلیئر کر دیا گیا ہے، جبکہ بکت گنج سمیت دیگر نشیبی علاقوں میں پانی نکالنے کے لیے آپریشن بدستور جاری ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے جو 24 گھنٹے فعال رہے گا۔
سی ای او کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے WSSCM کی تمام ٹیمیں الرٹ ہیں اور تمام منیجمنٹ اسٹاف کو تاحکم ثانی اسٹیشن پر موجود رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سوات،قاری کے مبینہ تشدد سے 14سالہ طالبعلم جاں بحق
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر 1334 یا 0937-840892 پر رابطہ کریں تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔