لندن: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹیسٹ کرکٹ کے مستقبل کو بہتر اور مزید مسابقتی بنانے کے لیے اسے دو ڈویژنز میں تقسیم کرنے پر سنجیدگی سے غور کر رہی ہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی نے اس تجویز پر اسٹڈی کے لیے ایک ورکنگ گروپ بھی قائم کر دیا ہے۔
مجوزہ نظام کے تحت ٹیسٹ کرکٹ کو ڈویژن 1 اور ڈویژن 2 میں تقسیم کیا جائے گا، جس میں ہر ڈویژن میں 6،6 ٹیمیں شامل ہوں گی۔
ابتدائی منصوبے کے مطابق آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں سرفہرست چھ ٹیموں کو ڈویژن 1 میں جبکہ نچلی چھ ٹیموں کو ڈویژن 2 میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ورکنگ گروپ اپنی حتمی رپورٹ رواں سال کے آخر تک آئی سی سی کو پیش کرے گا۔ اگر یہ تجویز منظور ہو جاتی ہے تو 2027 کے ٹیسٹ چیمپئن شپ سائیکل سے اس نئے فارمیٹ کو نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔
تاہم برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹیموں کی پروموشن (ترقی) اور ریلیگیشن (تنزلی) کے نظام پر اب بھی تحفظات موجود ہیں اور یہ ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے، خاص طور پر چھوٹی ٹیموں کی شمولیت اور باقاعدہ ٹیسٹ کرکٹ کے مواقع کے حوالے سے۔
ماہرین کرکٹ کا کہنا ہے کہ اگر اس تجویز پر عملدرآمد ہوتا ہے تو یہ ٹیسٹ کرکٹ میں مسابقت اور دلچسپی کو فروغ دے سکتی ہے، تاہم اس کے لیے تمام رکن ممالک کا اتفاق رائے حاصل کرنا ایک مشکل مرحلہ ہو سکتا ہے۔