پشاور : خیبرپختونخوا کے محکمہ ثقافت، سیاحت، آثارِ قدیمہ اور عجائب گھر کی جانب سے گلیات، کاغان، کمراٹ، کالاش اور اپر سوات سمیت مختلف سیاحتی مقامات پر آنے والے دنوں میں آندھی، گرج چمک اور بارشوں کے پیش نظر متعلقہ حکام کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ نے ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی اور مذکورہ بالا تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کیا ہے، جس میں مقامی انتظامیہ اور ریسکیو 1122 کے ساتھ موثر ہم آہنگی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مراسلے میں تمام منظور شدہ یا زیر التواء چھٹیوں کی درخواستوں کو فوری منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ممکنہ ایمرجنسی حالات میں عملہ مکمل طور پر دستیاب ہو اور انسانی وسائل کی کمی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
محکمہ سیاحت نے ٹورازم پولیس کی تعیناتی اور سیاحوں کی سہولت کے لیے ایک مؤثر ہیلپ لائن قائم کرنے کی بھی ہدایت دی ہے تاکہ ہنگامی حالات میں فوری رہنمائی اور مدد فراہم کی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں : غمزدہ خاندانوں سے مکمل ہمدردی، دکھ کی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے،وزیر اعلی خیبر پختونخوا
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NDMA) کی موسمی ایڈوائزری کے مطابق،21 جولائی 2025 کو ایک تازہ مغربی ہواؤں کی لہر خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں تک پہنچنے کا امکان ہے، جو گرج چمک، آندھی اور بارش کا سبب بن سکتی ہے۔
محکمہ سیاحت نے سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم کی صورتحال اور متعلقہ اداروں کی ہدایات کو مدنظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔