خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس کی اہم سماعت آج ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ہونے جا رہی ہے۔ مقدمے کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کریں گے۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز )کیمطابق عدالت نے علی امین گنڈا پور کو آج ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے ان سے دفعہ 342 کے تحت بیان ریکارڈ کروانے کا آخری موقع دیا ہے۔
واضح رہے کہ دفعہ 342 کے تحت ملزم کو مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد اور الزامات پر وضاحت اور اپنا مؤقف پیش کرنے کا حق حاصل ہوتا ہے۔
عدالت نے 17 مئی 2024 کو علی امین گنڈا پور کو دفعہ 342 کا سوالنامہ فراہم کیا تھا، تاکہ وہ اپنے دفاع میں مکمل جواب جمع کرا سکیں۔
یہ کیس علی امین گنڈا پور کے خلاف ماضی میں شراب اور غیرقانونی اسلحہ کی برآمدگی سے متعلق درج کیا گیا تھا، جو سیاسی اور قانونی حلقوں میں خاصی توجہ کا مرکز بنا رہا ہے۔
سیاسی منظرنامے میں یہ سماعت ایک اہم پیشرفت تصور کی جا رہی ہے، اور تمام نظریں آج کی عدالتی کارروائی پر مرکوز ہیں۔ اگر علی امین گنڈا پور ذاتی حیثیت میں پیش نہ ہوئے تو ممکنہ قانونی کارروائی کے امکانات بھی زیر غور آ سکتے ہیں۔