سیکیورٹی فورسز کی اورکزئی میں دہشتگردوں کے خلاف جوابی آپریشنز جاری، آئی ایس پی آر

سیکیورٹی فورسز نے 7 اکتوبر کو ضلع اورکزئی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد دہشتگردوں کے خلاف بھرپور جوابی کارروائیاں شروع کر دی ہیں جن میں اب تک 30 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشنز انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر ضلع اورکزئی کے علاقے جمال مایا میں کیے گئے، کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی یافتہ 30 خوارج مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن 7 اکتوبر کو ہونے والے دہشتگرد حملے کا جواب ہیں جس میں لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت سمیت کئی بہادر افسران نے جامِ شہادت نوش کیا تھا۔

آئی ایس پی آر کا کا کہنا ہے کہ ان کارروائیوں میں دہشتگردوں کے مرکزی سہولت کاروں کو بھی انجام تک پہنچا دیا گیا ہے جبکہ علاقے میں مزید ممکنہ دہشتگرد عناصر کی تلاش اور ان کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بدستور جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف آج پشاور میں اہم پریس کانفرنس کریں گے

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ وہ بھارتی سرپرستی میں جاری دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم اور ثابت قدم ہے۔

Scroll to Top