بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان سے بدلہ لینے کی کوشش کر رہا ہے: وزیر دفاع

اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت شاید اب افغانستان کے راستے پاکستان سے بدلہ لینے کی کوشش کر رہا ہے، اور افغان سرزمین پر بھارت کو سہولت کاری حاصل ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان نے افغان حکومت کو قائل کرنے کی کوشش کی کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگردوں کی پناہ گاہ نہ بننے دے، لیکن افغان حکومت اس سلسلے میں ضمانت دینے کو تیار نہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغان حکام نے کہا کہ اگر پاکستان انہیں فنڈز دے تو وہ دہشتگردوں کو دوسری جگہ منتقل کر دیں گے، تاہم ہمیں خدشہ تھا کہ وہ پیسہ لینے کے بعد بھی دہشتگرد اپنی پناہ گاہوں میں واپس آ جائیں گے۔

وزیر دفاع نے انکشاف کیا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (TTP) کے ایک لیڈر کو افغانستان میں بلٹ پروف گاڑی فراہم کی گئی، اور دہشتگردوں کو نئی پناہ گاہیں بنانے کے لیے سہولت دی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب: پی ٹی آئی قیادت کا آج خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ کابل میں پاکستانی حکام نے افغان حکومت سے واضح مطالبہ کیا کہ وہ اپنی سرزمین سے دہشتگردوں کو کنٹرول کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مذاکرات کے لیے تیار ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اگر مذاکرات سے کوئی حل نکل بھی آئے تو اس کی ضمانت کون دے گا؟ افغان حکومت خود اس ضمانت کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔

خواجہ آصف نے زور دیا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے، لیکن ملک کی سلامتی اور خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔

Scroll to Top