سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا نہیں: شیر افضل مروت

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے انکشاف کیا ہے کہ سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ کے امیدوار کے طور پر سامنے لانے کا فیصلہ پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا نہیں تھا بلکہ یہ فیصلہ کہیں اور سے ہوا۔

نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں کسی کا بھی مستقبل محفوظ نہیں ہے، کیونکہ آج کا ہیرو کل کا زیرو بن جاتا ہے

 انہوں نے کہا کہ پارٹی میں اصل طاقت کا محور بانی چیئرمین اور ان کا خاندان ہے۔

شیر افضل مروت نے انکشاف کیا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت میں اختلافات پائے جاتے ہیں، اور دعویٰ کیا کہ علیمہ خان اور خاندان کے دیگر افراد بیرسٹر گوہر کو پسند نہیں کرتے۔

یہ بھی پڑھیں : بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان سے بدلہ لینے کی کوشش کر رہا ہے: وزیر دفاع

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو اب بہت سوچ سمجھ کر چلنا ہوگا، کیونکہ مستقبل قریب میں پارٹی کو سخت چیلنجز کا سامنا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ “چھوٹی سی غلطی پوری پارٹی کو ڈبو سکتی ہے”۔

شیر افضل نے کہا کہ پارٹی کا مستقبل اس وقت غیر یقینی اور تاریک نظر آ رہا ہے، اور فیصلے مشاورت یا جمہوری طریقے سے نہیں بلکہ محدود حلقوں میں کیے جا رہے ہیں، جو پارٹی کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔

Scroll to Top