امریکی صدر نے چین پر 100 فیصد اضافی درآمدی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کر دیا

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر چین سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر نومبر سے اضافی 100 فیصد ٹیرف (امپورٹ ڈیوٹی) عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد امریکی مصنوعات کا تحفظ اور تجارتی پالیسی کو مضبوط بنانا بتایا گیا ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکا پہلے ہی چینی مصنوعات پر 30 فیصد ٹیرف عائد کر چکا ہے، مگر اب نئے سخت تجارتی اقدامات کے تحت اس ٹیرف میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ ان کے اعلان کے بعد عالمی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔

امریکی صدر نے اس اعلان سے چند گھنٹے قبل ٹروتھ سوشل پر ایک طویل پوسٹ بھی کی تھی جس میں انہوں نے کہا کہ چین نے دنیا بھر کے ممالک کو نایاب معدنیات کی برآمد پر پابندیاں عائد کرنے کے حوالے سے خطوط بھیجے ہیں۔

یہ نایاب معدنیات اسمارٹ فونز، برقی گاڑیوں، فوجی آلات اور قابل تجدید توانائی کی ٹیکنالوجی کی تیاری میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اور چین اس شعبے میں عالمی سطح پر سب سے آگے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی کوہ پیما اسد علی کا تاریخی کارنامہ، ساتوں براعظم کی بلند ترین چوٹیاں سر کرلیں

ٹرمپ نے واضح کیا کہ وہ چین کو دنیا کو یرغمال بنانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ علاوہ ازیں انہوں نے اشارہ دیا کہ ممکنہ طور پر وہ رواں ماہ جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشیا پیسفک اکنامک کوآپریشن (APEC) اجلاس میں چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات نہیں کریں گے۔

Scroll to Top