پشاور :پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے علی امین گنڈا پور کے استعفے کے معاملے پر عدم اتفاق کے بعد ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اراکین نے گنڈا پور کے استعفے کی گمشدگی کے معاملے پر مختلف حکمت عملیوں پر مشاورت شروع کی ہے۔
اس سلسلے میں اسپیکر ہاؤس میں حکومتی ارکان اور پارٹی عہدیداروں کے درمیان مشاورت جاری ہے، جہاں اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ اگر استعفے کا معاملہ حل نہ ہوا تو علی امین گنڈا پور کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا جا رہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے حتمی فیصلے کے لیے قرارداد پر ارکان سے دستخط کیے جائیں گے۔
علاوہ ازیں صوبائی حکومتی اراکین نے گورنر خیبرپختونخوا کو دوبارہ استعفیٰ بھجوانے کی تجویز بھی زیر غور لائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس کو دہشتگردی سے نمٹنے کے لیے جدید بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی گئیں
خیال رہے کہ 8 اکتوبر کو علی امین گنڈا پور نے وزیراعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، تاہم گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ استعفیٰ سمری کی صورت میں ان تک نہیں پہنچا ہے۔
اس کے بعد گورنر ہاؤس اور صوبائی حکومت کے درمیان تنازعہ پیدا ہو گیا، جس میں صوبائی حکومت کا موقف تھا کہ گورنر ہاؤس نے علی امین گنڈا پور کا استعفیٰ وصول کر لیا تھا۔