موسم سرما کی پہلی بارش، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

موسم سرما کی پہلی بارش، محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی

ملک بھر میں موسم سرما کی آمد کا باقاعدہ آغاز ہونے والا ہے، محکمہ موسمیات نے پہلی بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں اور سرد موسم کی اطلاع دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، ملک کے زیادہ تر میدانی علاقوں میں موسم خشک رہے گا، تاہم پہاڑی اور بالائی علاقوں میں رات اور صبح کے وقت موسم خاصا سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمے نے پیشگوئی کی ہے کہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں جزوی طور پر ابر آلود موسم کے ساتھ بارش متوقع ہے۔چترال، دیر، کوہستان، سوات، مالاکنڈ اور کرم کے چند مقامات پر بھی ہلکی بارش کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔

ادارے کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک رہے گا۔مری، گلیات اور اطراف میں موسم سرد رہے گا۔سیالکوٹ اور قریبی علاقوں میں رات کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک موسم برقرار رہے گا۔

کراچی میں دن کے وقت گرمی اور رات میں خنکی کے باعث موسمی بیماریوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ خشک موسم کے اثرات شہریوں کی صحت پر بھی پڑنے لگے ہیں۔

طبی ماہرین کے مطابق، گرد آلود ہوائیں، کچرا جلانے اور صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث فضا آلودہ ہو چکی ہے، جس سے دمہ، الرجی، بخار، ملیریا اور ڈینگی کے کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

شہر کے سرکاری و نجی اسپتالوں میں ان بیماریوں میں مبتلا مریضوں کی آمد بڑھ رہی ہے، جس پر ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

Scroll to Top