Utility Store Protest

یوٹیلٹی اسٹورز بندش کے خلاف ملازمین کا احتجاج، اے این پی رہنماوں کی شرکت

پشاور۔ وفاقی حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش اور یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کے معاشی قتل عام کے خلاف پشاور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی، ترجمان ارسلان خان ناظم، صدر اے این پی میٹروپولیٹن ارباب راشدثمین، نائب صدر غلام حسن، سالار جاوید شینواری اور ملگری تاجران کے صدر گل فضل الواحد و فیض رسول سمیت دیگر ارکان نے شرکت کی اور یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین سے اظہار یکجہتی کیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی نے کہا کہ وفاقی حکومت کا یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ غریب عوام کے معاشی استحصال کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز عام آدمی کو سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ فراہم کرنے کا واحد ذریعہ ہیں اور اس کی بندش سے لاکھوں افراد متاثر ہوں گے۔

حسین شاہ یوسفزئی نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت عوام دشمن پالیسیوں کے ذریعے غریبوں سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہزاروں ملازمین بے روزگار ہوجائیں گے، جو کسی بھی طور انصاف کے مطابق نہیں ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ روزگار کے مزید مواقع پیدا کرے، نہ کہ ہزاروں افراد کا روزگار چھینے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا وعدہ ایفا نہ ہوسکا

انہوں نے حکومت سے یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا اور ملازمین کے روزگار کا تحفظ یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ حسین شاہ یوسفزئی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کے تمام جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور ہر فورم پر عوام کے حقوق کے لیے آواز اٹھاتی رہے گی۔

مظاہرہ میں شامل دیگر رہنماؤں نے بھی حکومت کے اس فیصلے کی مذمت کی اور عوامی مفاد میں فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

Scroll to Top