سونے نے تاریخ بدل دی! فی تولہ قیمت پہلی بار 5 لاکھ روپے کی حد پار کر گئی

سونے نے تاریخ بدل دی! فی تولہ قیمت پہلی بار 5 لاکھ روپے کی حد پار کر گئی

سونے کی قیمت نے تاریخ رقم کر دی، فی تولہ نرخ پہلی بار 5 لاکھ روپے سے تجاوز، ایک ہی دن میں ریکارڈ اضافہ

تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے اثرات پاکستان میں بھی شدت کے ساتھ سامنے آ گئے، جہاں ایک ہی دن میں سونے کی قیمت میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور فی تولہ سونا پہلی بار 5 لاکھ روپے کی حد عبور کر گیا۔

آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 12 ہزار 700 روپے کا بڑا اضافہ ہوا، جس کے بعد ملک میں فی تولہ سونے کی نئی قیمت 5 لاکھ 6 ہزار 362 روپے ہو گئی۔

اسی طرح ملکی تاریخ میں پہلی بار 10 گرام سونے کی قیمت بھی سوا 4 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی۔ 10 گرام سونا 10 ہزار 888 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 34 ہزار 123 روپے پر جا پہنچا۔

ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر جیو پولیٹیکل کشیدگی، معاشی غیر یقینی صورتحال اور مختلف ممالک کے سینٹرل بینکس کی جانب سے سونے کی بڑے پیمانے پر خریداری کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

عالمی منڈی میں بھی سونے نے نئی تاریخ رقم کر دی، جہاں فی اونس سونا 127 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 840 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گیا۔

چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، ملک میں فی تولہ چاندی 64 روپے مہنگی ہو کر 9 ہزار 933 روپے کی ریکارڈ سطح پر جا پہنچی۔

جیولرز اور مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر عالمی حالات میں بہتری نہ آئی تو سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان بھی رد نہیں کیا جا سکتا، جس سے عام صارفین اور سرمایہ کاروں پر مزید دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔

Scroll to Top