ملک بھر میں موسم کا نیا موڑ! سردی نے ڈیرے ڈال لیے ،کیا مزید بارشیں ہوں گی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

ملک بھر میں موسم کا نیا موڑ! سردی نے ڈیرے ڈال لیے ،کیا مزید بارشیں ہوں گی؟ محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کر دی

ملک کے بیشتر حصوں میں شدید سردی نے ڈیرے ڈال لیے ہیں جبکہ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔ آج رات موسم کی صورتحال کے مطابق ملک کے زیادہ تر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہے گی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر مزید بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے سرد ترین مقامات میں لہہ، مالم جبہ، پاڑاچنار اور گوپس شامل رہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بگروٹ میں منفی 6 اور کالام، استور اور راولاکوٹ میں منفی 5 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔

بدھ کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم متوقع ہے، تاہم پہاڑی اضلاع میں شدید سردی برقرار رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ شام یا رات کے اوقات میں چترال، دیر اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر ہلکی بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ مری، گلیات اور ملحقہ علاقوں میں شدید سردی برقرار رہے گی۔ سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، شیخوپورہ، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، ساہیوال، جھنگ، سرگودھا اور گردونواح میں علی الصبح اور صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر دھند چھانے کا امکان ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ صوبے کے مختلف علاقوں میں بعد از دوپہر سرد ہوائیں چلنے کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہ سکتا ہے۔ شہریوں کو شدید سردی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top