سونے کی قیمتوں نے سب کو چونکا دیا! دوسرے روز بھی 21 ہزار کا تاریخی اضافہ، فی تولہ کہاں جا پہنچا؟جانئے

سونے کی قیمتوں نے سب کو چونکا دیا! دوسرے روز بھی 21 ہزار کا تاریخی اضافہ، فی تولہ کہاں جا پہنچا؟جانئے

عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں دوسرے روز بھی زبردست اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد سونے کی قیمتیں ملکی تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ گزشتہ روز سونے کی قیمت میں 21 ہزار 100 روپے کا اضافہ ہوا تھا، جبکہ آج فی تولہ قیمت میں مزید 21 ہزار 200 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

صرافہ مارکیٹ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 212 ڈالر کے نمایاں اضافے کے ساتھ 5 ہزار 504 ڈالر کی نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں اس تیزی کا براہ راست اثر مقامی صرافہ بازاروں پر بھی پڑا ہے۔

عالمی اضافے کے نتیجے میں پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت دوسرے روز بھی بڑے اضافے کے بعد بڑھ کر 5 لاکھ 72 ہزار 862 روپے تک جا پہنچی، جو ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 18 ہزار 175 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 91 ہزار 136 روپے ہو گئی ہے۔

دوسری جانب سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔ فی تولہ چاندی کی قیمت 264 روپے کے اضافے سے 12 ہزار 175 روپے جبکہ 10 گرام چاندی کی قیمت 227 روپے بڑھ کر 10 ہزار 438 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر جغرافیائی کشیدگی، معاشی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کی بڑھتی ہوئی طلب سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اس غیر معمولی اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ سرمایہ کار غیر یقینی حالات میں سونے کو محفوظ ترین اثاثہ سمجھتے ہیں، جس کے باعث عالمی طلب میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی مارکیٹ میں یہی صورتحال برقرار رہی تو سونے اور چاندی کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان ہے، جس سے مقامی مارکیٹ میں بھی قیمتیں متاثر ہوتی رہیں گی۔

Scroll to Top