جاپان فیفا ورلڈکپ 2026 میں کوالیفائی کرنیوالا پہلا ملک بن گیا

جاپان نے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے لیے سب سے پہلے کوالیفائی کرنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

 جاپان نے 2026 کے عالمی فٹ بال ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ کے دوران بحرین کو 0-2 سے شکست دے کر تاریخ رقم کی۔

ورلڈ کپ 2026 اگلے سال امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہوگا، جس میں پہلی بار 48 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ اس وقت دنیا کے مختلف براعظموں میں میگا ایونٹ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ جاری ہیں، اور جاپان نے ایشیا کے لیے کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بن کر ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے۔

جاپان نے جمعرات کو بحرین کو 0-2 سے ہرا کر کوالیفیکیشن میں کامیابی حاصل کی۔ جاپان کی فتح میں دوسرا ہاف اہم رہا، جہاں کامدا اور کوبو نے گول کر کے جاپان کی جیت کو یقینی بنایا۔

اس کے ساتھ ہی جاپان نے تیسرے راؤنڈ میں گروپ سی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے، حالانکہ اس کے تیسرے راؤنڈ میں ابھی تین میچز باقی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان فٹبال فیڈریشن پر عائد پابندی ختم، فیفا کا اہم فیصلہ

کوالیفائنگ کے تیسرے راؤنڈ میں 18 ٹیمیں تین گروپوں میں تقسیم کی گئی ہیں، اور ہر گروپ کی دو ٹاپ ٹیمیں ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ جاپان کی کامیابی نے اسے ورلڈ کپ میں شرکت کی راہ پر گامزن کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کینیڈا اور میکسیکو پہلے ہی ورلڈ کپ 2026 کے لیے میزبان ممالک کے طور پر جگہ بنا چکے ہیں، جس کے باعث ان تینوں ممالک کو خودبخود کوالیفائی کر لیا ہے۔ جاپان کی کامیابی ایشیا کے لیے ایک بڑی کامیابی ہے اور اس کے فٹ بال کا عالمی سطح پر مزید فروغ ہو گا۔

Scroll to Top