سیاست ادب، اصول اور برداشت کا نام ہے، پی ٹی آئی میں کچھ بھی باقی نہیں رہا، ثمر ہارون بلور

پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما ثمر ہارون بلور نے پاکستان تحریک انصاف کی خیبرپختونخوا حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی اندرونی اختلافات کا شکار ہے اور صوبے میں بدانتظامی و کرپشن عروج پر ہے۔

پختون ڈیجیٹل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پی ٹی آئی کے صوبائی صدر کی تقریب میں علی امین گنڈاپور گروپ کی غیرحاضری اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پارٹی کے اندر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کے اندازِ گفتگو میں شائستگی اور سیاسی روایات کا فقدان ہے، گالم گلوچ، الزامات اور تمسخر اڑانا ان کا معمول بن چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کرپشن خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، جبکہ باجوڑ اور سوات جیسے حساس معاملات پر وزیراعلیٰ کا رویہ تلخ اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔

ثمر ہارون نے کہا کہ دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے سے نمٹنے کے لیے جذبہ اور عزم درکار ہے، مگر موجودہ حکومت کے پاس نہ ہمت ہے نہ سنجیدگی۔

انہوں نے زور دیا کہ وزیراعلیٰ کو امن و امان کو اولین ترجیح دینی چاہیے، لیکن موجودہ حکومت کی کارکردگی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ معاملات ان کی ترجیحات میں شامل نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈاپور اگر سیاست چھوڑ دیں تو صوبے اور پی ٹی آئی کے لیے بڑا احسان ہوگا، شگفتہ ملک

ثمر ہارون بلور کے مطابق اگر کسی گھر میں کوئی بدتمیزی کرے تو برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے، بالآخر ایسے رویے کو دروازہ دکھانا ہی پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور اگر سیاست چھوڑ دیں تو یہ صوبے کے عوام اور پی ٹی آئی کے کارکنوں پر احسان ہوگا۔

Scroll to Top