وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی ٹکٹوں کی مبینہ خرید و فروخت ہو رہی ہے، جہاں پارٹی نظریہ پس پشت چلا گیا اور ’’نوٹوں کی چمک‘‘ غالب آ گئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل(ہم نیوز)کے مطابق عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک انصاف کے نظریاتی ورکرز ہار گئے اور دولت کی ریل پیل نے پارٹی کے دعووں کی قلعی کھول دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خود پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں نے اپنی ہی قیادت کے راز فاش کر دیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو جماعت ماضی میں ہارس ٹریڈنگ کی شدید مخالفت کرتی تھی، وہی آج خود سب سے بڑی ہارس ٹریڈنگ کی حمایتی بن چکی ہے۔ ان کے بقول بانی پی ٹی آئی سینیٹ ٹکٹوں کی مبینہ خرید و فروخت سے نہ صرف باخبر ہیں بلکہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف تیزی سے غیر مقبول ہو رہی ہے، اور وہاں کے نوجوانوں کو اب یہ احساس ہو چکا ہے کہ انہیں صرف دھرنوں اور احتجاجی سیاست کے لیے استعمال کیا گیا۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے تحریک انصاف کے کارکنوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں اب صرف مفاد پرست عناصر کا راج ہے، جبکہ نظریاتی کارکن کنارے لگا دیے گئے ہیں۔