پشاور(کامران علی شاہ)ضلع ہنگو کے علاقے زرگری شناواری میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر بڑا آپریشن کیا جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 9 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
فائرنگ کے تبادلے میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او)ہنگو خالد خان، ایس ایچ او دوآبہ اور سیکیورٹی فورسز کے ایک افسر زخمی ہو گئے۔
ڈی پی او ہنگو خالد خان کو آپریشن کے دوران تین گولیاں لگیں،انہیں فوری طور پر سی ایم ایچ کوہاٹ منتقل کیا گیا جہاں ان کا آپریشن کیا گیا۔ ان کی حالت اب مستحکم ہے اور انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا جا رہا ہے۔
انسپکٹر جنرل خیبر پختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے زخمی افسران سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔
آئی جی خیبر پختونخوا نے کہا کہ ڈی پی او خالد خان کے حوصلے بلند ہیں اور ان کی صحت خطرے سے باہر ہے۔
آئی جی پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز جاری رہیں گے اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر صورت میں عوام کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔
وفاقی وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی نے بھی ڈی پی او خالد خان سے رابطہ کیا اور ان کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا فیصلہ!اپوزیشن معاہدے کی توثیق، ناراض امیدواروں کو کاغذات واپس لینے کی ہدایت
وزیرِ داخلہ نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں آخری فتح تک پرعزم ہے۔