اسرائیل نے غزہ میں درندگی کی ساری حدیں پار کردی

اسرائیل نے غزہ میں درندگی کی ساری حدیں پار کردی

غزہ میں اسرائیلی حملے بدستور جاری ہیں اور ان کی شدت میں کوئی کمی نہیں آئی، تازہ کارروائیوں میں 104 فلسطینی جان کی بازی ہار چکے ہیں جن میں وہ 37 افراد بھی شامل ہیں جو رفح میں امداد کے حصول کی کوشش کر رہے تھے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید ہوئے ہیں، شہدا میں بڑی تعداد ان افراد کی ہے جو خوراک اور بنیادی ضروریات کے لیے امدادی مراکز کا رخ کر رہے تھے۔

الاہلی ہسپتال کے عملے نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کے جنوبی علاقے زیتون میں اسرائیل کے فضائی حملے کے نتیجے میں تین شہری جاں بحق جبکہ متعدد دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر(او ایچ سی ایچ آر) کے مطابق 13 جولائی تک خوراک کی تلاش میں 875 فلسطینی شہید کیے جا چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ ہلاکتیں امدادی اداروں کے نجی مراکز کے قریب پیش آئیں جہاں لوگ خوراک لینے پہنچے تھے۔

فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی کارروائیوں میں اب تک 58 ہزار 765 افراد شہید اور ایک لاکھ 40 ہزار 485 زخمی ہو چکے ہیں۔

صرف 18 مارچ سے جنگ بندی کے خاتمے کے بعد اب تک 7 ہزار 938 فلسطینی شہید اور 28 ہزار 444 زخمی ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے بھارت کے پانچ طیارے مار گرائے تھے، امریکی صدر ٹرمپ

اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا نے غزہ پر جاری اسرائیلی محاصرہ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، انروا کا کہنا ہے کہ مصر کی سرحد پر غزہ کی پوری آبادی کے لیے ضروری خوراک موجود ہے لیکن اسرائیل نے 2 مارچ سے مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے جس کی وجہ سے نہ انسانی امداد اور نہ ہی تجارتی سامان غزہ میں داخل ہو پا رہا ہے۔

Scroll to Top