خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کا عمل غیریقینی صورتحال سے دوچار ہے، جبکہ اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے واضح اعلان کیا ہے کہ اگر آج یا کل حلف نہ ہوا تو معاملہ عدالت لے جایا جائے گا۔
اسمبلی اجلاس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے کہا’’اگر اجلاس میں کورم کی نشاندہی کی گئی تو ہمارے پاس متبادل قانونی راستے موجود ہیں۔ حلف برداری ہر صورت میں ہو گی، اگر نہیں ہوئی تو یہ پی ٹی آئی ہے، کچھ بھی ہو سکتا ہے۔‘‘
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے لیے اپوزیشن اور حکومت کے درمیان فارمولہ طے پا چکا ہے، لیکن اگر مخصوص نشستوں پر ارکان نے حلف نہ اٹھایا تو یہ عمل متاثر ہو سکتا ہے۔
ادھر خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے لیے بلایا گیا اجلاس ڈیڑھ گھنٹے کی تاخیر کے باوجود شروع نہ ہو سکا۔ اپوزیشن ارکان اسمبلی میں موجود ہیں، تاہم حکومتی اراکین کی عدم موجودگی کے باعث کورم کی کمی کا خدشہ برقرار ہے۔
ذرائع کے مطابق اگر اجلاس شروع ہونے کے بعد کورم کی نشاندہی کی گئی تو اجلاس ملتوی کیا جا سکتا ہے، جس سے حلف برداری کا عمل رک جائے گا۔
سیاسی حلقوں میں خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حلف برداری کی راہ میں رکاوٹیں دراصل سینیٹ انتخابات میں ممکنہ سیاسی نتائج پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہیں۔
اسمبلی میں پیدا ہونے والی اس غیر یقینی صورتحال نے سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھا دیا ہے، اور اب نظریں آنے والے فیصلوں پر مرکوز ہیں۔