کورم پورا نہ کرنا حکومت کی ناکامی،کے پی اسمبلی میں غیر آئینی اقدامات ہو رہے ہیں، ڈاکٹر عباد

کورم پورا نہ کرنا حکومت کی ناکامی،کے پی اسمبلی میں غیر آئینی اقدامات ہو رہے ہیں، ڈاکٹر عباد

خیبرپختونخوا اسمبلی میں جاری سیاسی کشمکش پر اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے حکومت پر آئینی خلاف ورزیوں اور سیاسی ناپختگی کے الزامات عائد کر دیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عباد اللّٰہ نے کہا کہ اسمبلی میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ آئینی دائرے میں نہیں آتا بلکہ غیر آئینی طریقہ کار اختیار کیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز)کیمطابق ڈاکٹر عباداللہ نے کہا ہے کہ ایک بار پھر سیاسی نابالغی کا مظاہرہ کیا گیا ہے، ایسے فیصلے ہو رہے ہیں جو آئینی نہیں بلکہ بدنیتی پر مبنی ہیں۔

انہوں نے اسپیکر کے آئینی اختیارات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ’’یہ اختیار صرف اسپیکر کے پاس ہے، اسے کسی اور کو سونپنا آئینی عمل کی توہین ہے۔ اگر ایسے غیر آئینی اقدامات جاری رہے تو ہم ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہوں گے۔‘‘

ڈاکٹر عباد اللّٰہ کا کہنا تھا کہ حکومت بارہا دعویٰ کرتی رہی کہ اس کے پاس اکثریت موجود ہے،
’’اگر واقعی اکثریت تھی تو پھر کورم پورا کیوں نہیں کیا گیا؟ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ حکومت میں قیادت کا فقدان ہے، ہر شخص اپنی الگ رائے دیتا ہے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ سینیٹ انتخابات سے قبل مخصوص نشستوں پر حلف برداری ایک اہم مرحلہ ہے، اور پنجاب و وفاق کی طرز پر خیبرپختونخوا میں بھی حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ’پانچ چھ‘ کا فارمولا طے ہو چکا ہے۔

’’ہمارے معاملات اپنے طور پر قائم ہیں، حکومت سے گفتگو کا تسلسل برقرار ہے۔ مگر یہ عجیب و غریب لوگ ایوان میں آتے ہیں جنہیں آئینی عمل کی اہمیت کا اندازہ ہی نہیں۔‘‘

اپوزیشن لیڈر نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا۔
’’پی ٹی آئی ایک ایسی جماعت ہے جہاں کوئی ایک موقف نہیں، ہر کوئی اپنی اپنی بات کرتا ہے، اس سے سیاسی سنجیدگی کا فقدان ظاہر ہوتا ہے۔‘‘

یاد رہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی حلف برداری کا عمل کورم نہ ہونے کی وجہ سے 24 جولائی تک مؤخر کر دیا گیا ہے، جس پر اپوزیشن نے شدید احتجاج کیا ہے۔

Scroll to Top