دریائے سوات کی لہریں بے قابو، وارننگ سسٹم کی عدم موجودگی نے نقصان بڑھا دیا

سوات میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی،جانی اور مالی نقصانات کی اطلاعات

سوات میں بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث پیش آنے والے مختلف حادثات میں چار بچے جاں بحق ہو گئے، ایک بچے کی تلاش جاری ہے جبکہ ایک خاتون کو اس کی بچی سمیت زندہ بچا لیا ۔

سوات کے علاقے مدین، گجر بنڈ شنکو میں موسلا دھار بارش کے باعث ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں تین معصوم بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوئیں۔

ریسکیو 1122 کو اطلاع ملتے ہی ٹیم موقع پر روانہ ہوئی اور ملبے تلے دبے تمام افراد کو نکال کر سول اسپتال مدین منتقل کیا۔

جاں بحق ہونے والوں میں 11 سالہ مدینہ بی بی، 8 سالہ طفل مصطفیٰ اور 4 سالہ موسیٰ شامل ہیں، جبکہ زخمی خاتون کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

سوات کے علاقے مالم جبہ سور ڈھیرئی میں دو بھائی اچانک برساتی نالے میں بہہ گئے۔ واقعے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی۔

ریسکیو کارروائی کے دوران افوان اللہ ولد حیات اللہ کی لاش نالے کے قریب سے برآمد کر لی گئی جبکہ اس کا چھوٹا بھائی تقریباً 5 سے 6 ماہ کا محسن تاحال لاپتہ ہے۔

مقامی افراد اور پولیس بھی ریسکیو ٹیم کے ساتھ تلاش میں شریک ہیں۔

ادھر ملاکنڈ میں جوائے لینڈ پارک کے قریب دریائے سوات میں ایک ماں اور اس کی 2 سالہ بیٹی کے ڈوبنے کی اطلاع پر ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو زندہ نکال لیا۔

واٹر ریسکیو پوائنٹ پر موجود اہلکاروں اور مقامی غوطہ خوروں نے فوری امدادی کارروائی کرتے ہوئے دونوں کو پانی سے نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا سینیٹ انتخابات: حکومت و اپوزیشن کے تمام امیدوار کامیاب

ترجمان ریسکیو کے مطابق دونوں کی حالت اب خطرے سے باہر ہے اور انہیں مزید طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

Scroll to Top