چارسدہ: ڈی ایچ کیو اسپتال کے نام پر جعلی چندہ مہم، ایم ایس کا سخت کارروائی کا مطالبہ

چارسدہ(الف خان شیرپاؤ)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) اسپتال چارسدہ کے نام پر سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی ایک مبینہ چندہ مہم نے نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے الزام عائد کیا ہے کہ نامعلوم افراد نے ہسپتال کے نام پر جھوٹ پر مبنی اپیلیں جاری کر کے عوام سے لاکھوں روپے بٹور لیے ہیں۔

اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) کی جانب سے چارسدہ سٹی پولیس کو دی گئی ایک تحریری شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے سوشل میڈیا پر یہ جھوٹا دعویٰ کیا کہ ڈی ایچ کیو اسپتال کو بلڈ پریشر چیک کرنے والی مشینوں کے لیے فنڈز درکار ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ اسپتال میں ایسی تمام بنیادی سہولیات مکمل طور پر موجود ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے کبھی اس نوعیت کی کوئی چندہ اپیل نہیں کی گئی۔

ایم ایس کے مطابق اس جعلی مہم کے ذریعے دس لاکھ روپے سے زائد رقم مختلف ذرائع سے جمع کی گئی جو نہ صرف عوام کو گمراہ کرنے کے مترادف ہے بلکہ ایک سرکاری طبی ادارے کی ساکھ کو بھی شدید نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سوات،قاری کے مبینہ تشدد سے 14سالہ طالبعلم جاں بحق

ایم ایس نے پولیس کو مطالبہ کیا ہے کہ جعلی چندہ مہم چلانے والوں کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے اور لوٹی گئی رقم کو واپس لانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ساتھ ہی شکایت میں باقاعدہ مقدمہ درج کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔

Scroll to Top