وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا تیراہ واقعے پر اظہار افسوس، قبائلی عمائدین کا جرگہ طلب

خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، وزیر اعلیٰ کی تمام اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

پشاور:خیبر پختونخوا میں آئندہ چند روز کے دوران شدید مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے بعد صوبائی حکومت نے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو فوری طور پر متحرک ہونے اور حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ موسمی حالات کے پیش نظر تمام متعلقہ ادارے الرٹ رہیں اور فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس، بلدیاتی ادارے، محکمہ آبپاشی، ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے تمام اہلکاروں کی فیلڈ میں موجودگی انتہائی ضروری ہے۔ سیلاب یا دیگر قدرتی آفات کی صورت میں ممکنہ جانی و مالی نقصانات کو کم کرنے کے لیے پیشگی تیاری مکمل ہونی چاہیے۔

علی امین گنڈاپور نے ہدایت دی ہے کہ سیاحتی علاقوں میں موجود سیاحوں کو خراب موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے بروقت آگاہی دی جائے تاکہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے متعلقہ محکموں کو یہ بھی حکم دیا کہ اگر بارشوں کے باعث سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہو جائیں تو ان کو کھولنے کے لیے درکار مشینری اور عملہ موقع پر موجود ہو۔

وزیر اعلیٰ نے تمام اضلاع میں موجود مراکز صحت کو ضروری عملے اور ادویات کی دستیابی کا پابند بنانے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ اس کے علاوہ ایمرجنسی کی صورت میں فوری ردعمل کے لیے تمام اضلاع میں 24 گھنٹے فعال ایمرجنسی کنٹرول رومز قائم رکھنے کا بھی حکم دیا گیا ہے، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ضلعی انتظامیہ خود ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں : چارسدہ: ڈی ایچ کیو اسپتال کے نام پر جعلی چندہ مہم، ایم ایس کا سخت کارروائی کا مطالبہ

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مون سون بارشوں سے متعلق پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں۔

Scroll to Top