روس-یوکرین جنگ بندی مذاکرات بدھ کو ترکیہ میں ہوں گے، زیلنسکی

کیف/انقرہ: یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اعلان کیا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی سے متعلق اہم مذاکرات آئندہ بدھ کو ترکیہ میں ہوں گے۔

 یہ مذاکرات جاری جنگ کے خاتمے اور سیاسی حل کی تلاش کے لیے ایک بڑی پیش رفت سمجھے جا رہے ہیں۔

یوکرینی صدر کا کہنا تھا کہ ان مذاکرات کا بنیادی مقصد جاری تنازع کے خاتمے کے لیے ایک قابلِ قبول سیاسی راہ نکالنا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ یوکرین امن کا خواہاں ضرور ہے، تاہم ملکی خودمختاری اور قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

زیلنسکی نے بتایا کہ ترکیہ نے دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی پیش کش کی تھی، جسے روس اور یوکرین دونوں نے قبول کر لیا ہے۔ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ہونے والے ان مذاکرات میں اعلیٰ سطح کے حکومتی نمائندے شریک ہوں گے۔

عالمی سطح پر ان مذاکرات کو روس-یوکرین جنگ بندی کی جانب ایک مثبت اور سنجیدہ پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ اور یورپی یونین نے اس اقدام کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ فریقین سیاسی تدبر اور لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کریں گے۔

واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ نے نہ صرف دونوں ممالک کو شدید نقصان پہنچایا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے سیاسی و معاشی اثرات نمایاں ہوئے ہیں۔

 ان مذاکرات کو اس بحران کے حل کے لیے ایک اہم موقع تصور کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top