پشاور: وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے مانسہرہ کے سیاحتی علاقے بابوسر میں سیلابی ریلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلے میں متعدد سیاحوں کی گاڑیاں بہہ گئیں، جس کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق جبکہ کئی افراد لاپتہ ہو گئے۔
وزیر اعلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیر اعلی نے لاپتہ افراد کی بحفاظت بازیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو ہنگامی بنیادوں پر تلاش کے اقدامات کی ہدایت جاری کی۔
انہوں نے واضح کیا کہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : سوات میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی،جانی اور مالی نقصانات کی اطلاعات
علی امین گنڈاپور نے زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ صوبائی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف دیا جا سکے۔
وزیر اعلی کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے متحرک ہو چکے ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔