محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
نجی ٹی وی چینل (سما نیوز) کے مطابق مون سون کے حالیہ اسپیل کے تحت کئی شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ کچھ علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی اور درمیانی بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع میں آج بھی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، اٹک، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، شیخوپورہ اور قصور میں مزید بارش متوقع ہے۔
وسطی اور جنوبی پنجاب کے علاقوں جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، خانیوال، فیصل آباد، لیہ، بھکر اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، پشاور، ایبٹ آباد، بونیر، شانگلہ، مالاکنڈ، نوشہرہ، صوابی، مردان، کرم، ہنگو، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان کے چند علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔
ادھر سندھ میں کراچی، ٹھٹھہ اور حیدرآباد میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے تاہم بارکھان، کوہلو، موسی خیل، لورالائی، ژوب، قلات، خضدار، آواران اور لسبیلہ میں کہیں کہیں ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ممکنہ اربن فلڈنگ، لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے متعلق احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر وہ علاقے جو حالیہ دنوں میں شدید بارشوں کی زد میں رہے ہیں۔