راولپنڈی میں بارشوں کے خدشے پر رین ایمرجنسی، دفعہ 144 نافذ، ندی نالوں میں نہانے پر پابندی، عملے کی چھٹیاں منسوخ

راولپنڈی میں بارشوں کے خدشے پر رین ایمرجنسی، دفعہ 144 نافذ، ندی نالوں میں نہانے پر پابندی، عملے کی چھٹیاں منسوخ

راولپنڈی اور اسلام آباد میں حالیہ بارشوں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے اور حبس کی شدت میں نمایاں کمی آ گئی ہے، تاہم شہری انتظامیہ نے ممکنہ بارشوں کے پیش نظر حفاظتی اقدامات سخت کر دیے ہیں۔

قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق ایم ڈی واسا راولپنڈی سلیم اشرف کے مطابق شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور واسا کا عملہ مکمل ہائی الرٹ پر ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واسا راولپنڈی کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ شہر کی مجموعی صورتحال اس وقت مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور کسی قسم کے خطرے کی اطلاع نہیں ہے۔

مزید بارشوں کی پیشگوئی کے تناظر میں تمام متعلقہ ادارے متحرک ہو چکے ہیں۔ شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت ندی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 6 فٹ اور گوالمنڈی کے مقام پر 5 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری اور اضافی عملہ تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری نکاسی آب ممکن ہو۔

بارش کے اعداد و شمار کے مطابق:
سید پور میں 40 ملی میٹر
گولڑہ اور شمس آباد میں 15، 15 ملی میٹر
کچہری کے علاقے میں 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ایم ڈی واسا سلیم اشرف نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش کے دوران برساتی نالوں سے دور رہیں اور انتظامیہ سے تعاون کریں تاکہ کسی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

Scroll to Top