واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ہونے والی ملاقات خوشگوار اور تعمیری رہی، جس میں باہمی دلچسپی کے کئی اہم امور پر گفتگو ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں ایران سے ثالثی کے معاملے پر پاکستان کے کردار کو سراہا گیا، جب کہ معدنیات اور کان کنی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مارکو روبیو نے گفتگو کے دوران دوطرفہ تجارتی تعلقات میں وسعت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی مفاد میں اقتصادی شراکت داری کو مزید آگے بڑھانا چاہیے۔
ملاقات میں انسداد دہشتگردی پر بھی اہم بات چیت ہوئی، بالخصوص داعش کے خلاف تعاون کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : اسحاق ڈار کی امریکی ہم منصب مارکو رویبو سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال
ٹیمی بروس نے بتایا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ اگست میں اسلام آباد میں ہوں گے، جہاں دونوں ممالک سیکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات کریں گے۔