اسلام آباد: پاکستان کے معروف کوہ پیما اسد علی میمن نے ساتوں براعظموں کی بلند ترین چوٹیوں کو سر کر کے سیون سمٹس کا تاریخی کارنامہ سر انجام دے دیا۔
اس کامیابی کے ساتھ وہ ان چند پاکستانیوں میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے دنیا بھر کی سب سے بلند چوٹیاں فتح کیں۔
اسد علی میمن نے اپنا آخری مشن انڈونیشیا کے علاقے اوشیانا میں مکمل کیا، جہاں انہوں نے پونچک جایا جو اس براعظم کی بلند ترین چوٹی ہے — کو سر کر کے یہ سنگ میل عبور کیا۔
انہوں نے اپنے سفر کا آغاز 2019 میں یورپ کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ البروس کو سر کر کے کیا۔
بعد ازاں، 2020 میں انہوں نے جنوبی امریکا کی اکونکاگوا اور 2021 میں افریقا کی کیلیمنجارو کو فتح کیا۔
2022 میں اسد علی میمن نے شمالی امریکا کی مشہور چوٹی ماؤنٹ ڈینالی کو بھی سر کر لیا۔
2023 میں انہوں نے ایشیا اور دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کر کے دنیا کو حیران کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا نہیں: شیر افضل مروت
اسی سال کے آغاز میں وہ انٹارکٹیکا کی ماؤنٹ ونسن کو بھی سر کر چکے ہیں، جس کے بعد اب پونچک جایا کی فتح کے ساتھ وہ سیون سمٹس مکمل کرنے والے کوہ پیماؤں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔
اس تاریخی کامیابی پر ملک بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، اور سوشل میڈیا پر اسد علی میمن کو مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا ہے۔
ان کی کامیابی پاکستان کے لیے نہ صرف فخر کا باعث ہے بلکہ نوجوانوں کے لیے بھی ایک روشن مثال ہے۔