اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کر دی ہے، جس کے بعد موسم میں مزید سردی کی لہر متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں رات اور صبح کے اوقات میں موسم سرد رہنے کی توقع ہے۔ تاہم خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا اور چند مقامات پر گرج چمک اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں، جن میں چترال، سوات، ملاکنڈ، دیر اور ملحقہ علاقے شامل ہیں، وہاں چند مقامات پر بارش متوقع ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں سردی کی شدت برقرار رہی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں آج بھی موسم خشک رہے گا، جبکہ مری، گلیات اور دیگر سیاحتی مقامات پر سردی کی شدت میں اضافہ متوقع ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا پولیس میں ایس پی عہدے کے افسران کے تبادلے، اعلامیہ جاری
ادھر سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سردی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر پہاڑی اور بلندی والے علاقوں میں سفر کرنے والے افراد اضافی احتیاط برتیں۔