پاکستان کی غیرقانونی امیگریشن اور جرائم کے خلاف پالیسی پر طلال چودھری کا اہم بیان

وزیرمملکت طلال چودھری نے حالیہ دنوں میں برطانوی وزیرداخلہ یوویٹ کوپر سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں غیرقانونی امیگریشن کے خاتمے اور قانونی راستوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی گئی۔

طلال چودھری کی برطانوی نائب وزیر خارجہ ہمیش فالکنر اور انجلیلا ایگل سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور دیگر عالمی مسائل پر بات چیت کی گئی۔

اس کے علاوہ طلال چودھری نے جرمنی، اسپین، آسٹریا اور پولینڈ کے وزرائےداخلہ سے بھی ملاقاتیں کیں اور عالمی سطح پر غیرقانونی امیگریشن کے خاتمے اور سیکیورٹی کی بہتر صورتحال پر بات کی۔

ملاقاتوں کے دوران برطانوی حکام نے حکومت پاکستان کی غیرقانونی امیگریشن کے خاتمے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ ہمیش فالکنر نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ وزیرداخلہ محسن نقوی سے چند ماہ قبل کی ملاقات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط ہو رہا ہے۔

طلال چودھری نے اس بات پر زور دیا کہ غیرقانونی امیگریشن اور منظم جرائم کے خاتمے کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ملک میں امن و امان کی بحالی اور قانونی امیگریشن کے فروغ کے لیے سرگرم ہے۔

یہ بھی پڑھیں   پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کو محفوظ پناہ گاہیں دیں، طلال چودھری کا دعویٰ

اس کے علاوہ طلال چودھری نے دہشتگردی اور انسانی اسمگلنگ کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر تعاون کو ناگزیر قرار دیا اور کہا کہ ان مسائل سے نمٹنے کے لیے تمام ممالک کو ایک مشترکہ حکمت عملی اپنانا ہوگی۔

Scroll to Top