خیبرپختونخوا کا بجٹ نمائشی، عوامی مسائل کو نظرانداز کیا گیا، عطاتارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے خیبرپختونخوا بجٹ کو نمائشی قرار دیا اور کہا خیبرپختونخوا کی حکومت نے بجٹ میں عوام کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں 55 لاکھ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ پشاور میں سیف سٹی منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا، جو حکومتی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔

عطاتارڑ نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے بجٹ کے حوالے سے عوامی مفاد پر مبنی کوئی تجاویز نہیں دیں، جبکہ وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور ٹیکس میں کمی کی ہے۔

انہوں نےکہا کہ شوگر انڈسٹری پر 30 فیصد ٹیکس کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ اشرافیہ سے مناسب ٹیکس وصول کیا جا سکے، ایف بی آر میں جاری اصلاحات کے مثبت اثرات سامنے آ رہے ہیں اور ٹیکس نیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی تحریک انصاف نے اوورسیز پاکستانیوں کو ترسیلات زر بھیجنے سے روکنے کی کوشش کی، لیکن اس کے باوجود اوورسیز پاکستانیوں نے وطن سے محبت کا ثبوت دیتے ہوئے ریکارڈ ترسیلات زر بھیجی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر بیٹھ کر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنا قومی مفاد کے خلاف ہے اور اس سے ملک کو نقصان پہنچتا ہے۔

فلسطین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عطاتارڑ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کی ہے اور غزہ کے نہتے مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی کھل کر مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطینی کاز ہمارے دل کے قریب ہے اور پاکستان نے ہر عالمی فورم پر فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

عطاتارڑ نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ایک سیاسی جماعت کی خاتون رہنما نے اسرائیل کی حمایت میں تقریر کی لیکن متعلقہ پارٹی نے اس بیان کی مذمت تک نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں: تاریخی لمحہ، جنوبی افریقہ نے پہلی بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیت لی

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کا مؤقف فلسطینی عوام کے ساتھ ہے اور اس میں کوئی لچک نہیں آئے گی، پاکستان خطے میں امن کا فروغ چاہتا ہے اور عالمی برادری پاکستان کے مثبت کردار کو تسلیم کرتی ہے۔

Scroll to Top