سوات (نوید شہزاد) سوات کی ضلعی انتظامیہ نے جنگلات کے تحفظ کے لیے 60 دنوں کے لیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے درختوں کی غیر قانونی کٹائی، نجی اور محفوظ جنگلاتی علاقوں( پروٹیکٹڈ ایریا) میں زنجیر آری (چین سا) اور دیگر آلات کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر سوات کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق، ضلع سوات کے مختلف علاقوں میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی جاری تھی، جس کے باعث قدرتی آفات اور موسمیاتی تبدیلیوں میں اضافہ ہو رہا تھا۔ ان وجوہات کے پیش نظر، سرکاری و نجی زمینوں پر جنگلات کو تحفظ دینے اور ٹمبر مافیا کی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، زنجیر آری جیسے تباہ کن اوزار غیر قانونی طور پر درختوں کی کٹائی کے لیے استعمال ہو رہے تھے، جس سے ماحولیاتی مسائل میں اضافہ ہو رہا تھا۔ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے ان پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکشن 188 پی پی سی کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔