پاکستان ٹیرف معاملے پر امریکا سے مذاکرات کرے گا، سفیر رضوان سعید

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان ٹیرف کے معاملے پر امریکا سے مذاکرات شروع کرنے جا رہا ہے۔نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے امریکا کے ساتھ اس مسئلے پر بات چیت شروع کرنا ضروری ہے۔

سفیر نے بتایا کہ آج ہی امریکی معاون نمائندہ برائے تجارت سے ان کی ملاقات طے ہو چکی ہے اور انہیں امید ہے کہ وہ امریکی خدشات کا ازالہ کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔

رضوان سعید شیخ نے اس موقع پر امریکا کی ممکنہ سفری پابندیوں کے حوالے سے بھی بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ویزوں کے حوالے سے امریکا کا حتمی فیصلہ ابھی تک نہیں آیا، اور اس بارے میں بھی پاکستان کی جانب سے سفارتی کوششیں جاری ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے امریکی حکام کو واضح پیغام پہنچا دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی قوانین اور سفارتی لوازمات کو پورا کرنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

پاکستانی سفیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان، چین اور ترکیہ سمیت مختلف ممالک پر جوابی ٹیرف عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، جس میں پاکستان کی مصنوعات پر 29 فیصد ٹیرف شامل ہے۔ یہ ٹیرف 9 اپریل سے نافذ العمل ہوگا۔

پاکستان کی سابق مندوب برائے اقوام متحدہ اور سینئر سفارتکار ملیحہ لودھی نے اس حوالے سے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات پر ٹیکس ہمیشہ سے موجود تھا، لیکن امریکی ٹیرف سے دنیا بھر میں تجارتی جنگ شروع ہو سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں امریکی ٹیرف عالمی معیشت کیلئے بڑا جھٹکا ہے: یورپی یونین

ان کا مزید کہنا تھا کہ چاہے امریکا ٹیرف عائد کرے یا نہ کرے، پاکستان کو اپنی ایکسپورٹس میں بہتری لانا ہوگی۔

Scroll to Top