امن و امان کی صورتحال میں حکومت کے ساتھ ہیں، لیکن ان کی پالیسی غلط ہے، اسد قیصر

پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے، اسد قیصر اور شہرام ترکئی کا علی امین گنڈاپور کے بیانات پر تحقیقات کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سابق سینئر صوبائی وزیر شہرام ترکئی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے حالیہ بیانات پر پارٹی کی مرکزی قیادت سے تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔
اسد قیصر نے کہا ہے کہ میں پارٹی کی مرکزی قیادت سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے حالیہ بیان کی مکمل تحقیقات کی جائیں، اور اس حوالے سے بانی چیئرمین کا مؤقف قوم کے سامنے لایا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعلیٰ کے بیان کا جواب دینے کا حق ہم محفوظ رکھتے ہیں، تاہم موجودہ حالات میں ایسی باتوں سے گریز کرنا زیادہ بہتر ہے کیونکہ اس وقت ہماری ساری توجہ بانی چیئرمین اور دیگر بے گناہ قیدیوں کی رہائی پر مرکوز ہونی چاہیے۔
اسد قیصر نے خبردار کیا کہ غیر ضروری بیانات اور پارٹی کے اندرونی معاملات کو ہوا دے کر بانی کی رہائی کی جدوجہد کو کمزور نہ کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ وزیراعلیٰ کو اپنی تمام تر توانائیاں صوبے میں گورننس بہتر بنانے، امن و امان کی بحالی، اور بانی چیئرمین سمیت دیگر بے گناہ اسیران کی رہائی پر مرکوز رکھنی چاہئیں۔

دوسری جانب سابق سینئر صوبائی وزیر شہرام ترکئی نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے بیانات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

Scroll to Top