پاکستان مسلم لیگ ن کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات ارباب خضر حیات خان نے کہا ہے کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کیلئے غیر قانونی مقیم افغانیوں کو بے دخل کرنا ضروری ہے جبکہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور غیر قانونی طور پر مقیم افغانیوں کی بے دخلی کے حق میں نہیں جو کہ پاکستان سے کھلی دشمنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی صوبے میں امن و امان کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں اور وفاقی حکومت کے فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنائے جبکہ وزیراعلی خیبر پختونخوا دہشتگردوں کی سہولت کاری کا کام سر انجام دے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیر اعلی کا کام اپنے صوبے کے عوام کو سہولیات میسر کرنا جبکہ گنڈاپور پختون قوم کی خدمت کی بجائے دہشتگردوں کی سہولت کاری پر اتر آئے ہیں۔ صوبے میں تب تک امن قائم نہیں ہوگا جب تک غیر مقیم افغانیوں کی بے دخلی ممکن نا ہو سکے۔
ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم پر عمران خان کے نام کا بورڈ آویزاں کرنے کے اقدام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ارباب خضر حیات نے کہا کہ پشاور کے تاریخی ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا بورڈ ہٹا کر عمران خان کا بورڈ آویزاں کرنا پشاور کے عوام کی توہین کی گئی ہے جبکہ عمران خان کے واضح احکامات کے باوجود ارباب نیاز کے نام کا بورڈ ہٹانا سمجھ سے بالاتر ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلی علی امین گنڈاپور اپنی نوکری بچانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آگئے ہیں ۔ ارباب نیاز کا بورڈ ہٹانے پر پشاور کے عوام خاموش نہیں بیٹھے گے۔ صوبائ حکومت فوری طور پر سٹیڈیم سے عمران خان کا بورڈ اتار دیں ورنہ عوام زبردستی اتار دینگے ۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی بڑے تصادم سے بچنے کے لئے صوبائ حکومت اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی نے سٹیڈم کے نام کی تبدیلی کو مسترد کر دیا تھا جبکہ عمران خان نے خود بھی حکومتی فیصلے کی مخالفت کی تھی ۔





