بنوں: ڈومیل کے قریب سرکاری گاڑی پر فائرنگ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا کزن زخمی

بنوں (سلمان خان ) تھانہ ڈومیل کی حدود میں واقع کاشو پل کے قریب نامعلوم دہشتگردوں کی جانب سے سرکاری گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کے کزن اور پی ڈی ایم اے کے افسر عدنان علی شاہ اپنے ساتھی آفیسر کے ہمراہ زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق، دہشتگردوں نے مین روڈ پر ناکہ بندی قائم کی ہوئی تھی اور گاڑی کو نہ روکنے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ فائرنگ اس وقت ہوئی جب عدنان علی شاہ اور ان کے ساتھی آفیسر شاہد کرک سے بنوں واپس آرہے تھے۔ دورانِ سفر ان کی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہو گیا، تاہم ڈرائیور نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی بھگا کر جانیں بچائیں۔

فائرنگ کے باعث دونوں افسران زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر خلیفہ گلنواز ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے، تاہم حملہ آوروں کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی ادارے مشتبہ عناصر کی تلاش میں مصروف ہیں۔

Scroll to Top