ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کی تقریب، گورنر خیبر پختونخوا سمیت کسی مرکزی رہنما نے شرکت نہیں کی

پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کی تنظیم کی جانب سے ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی کے موقع پر پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، تاہم حیرت انگیز طور پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی،خیبر پختونخوا کے صدر محمد علی شاہ باچا سمیت پارٹی کی مرکزی قیادت کا کوئی بھی اہم رہنما تقریب میں شریک نہ ہوا۔ حالانکہ پیپلز پارٹی اس وقت وفاقی حکومت کی اتحادی جماعت ہے اور خیبرپختونخوا میں گورنر بھی پارٹی کا نامزد کردہ ہے۔

برسی کی تقریب پشاور کے پیپلز سیکرٹریٹ میں منعقد ہوئی، جس میں پارٹی کے مقامی رہنماؤں، ضلعی عہدیداران، مختلف ونگز کے نمائندوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد ذوالفقار علی بھٹو شہید کی سیاسی جدوجہد اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق گورنر خیبرپختونخوا مسعود کوثر نے کہا کہ ملک اس وقت سنگین بحرانوں سے دوچار ہے، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے حالات دن بدن بگڑتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عدلیہ، الیکشن کمیشن سمیت تمام ادارے آزاد نہیں رہے، اور حقیقی جمہوریت و آئین کی بحالی کے لیے آج ایک اور بھٹو کی ضرورت ہے۔

مسعود کوثر کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید نے 1973 کا متفقہ آئین دیا، وہ مظلوم عوام کے حقیقی لیڈر تھے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کو اقلیتی حکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک پر پنجاب کے نمائندہ خاندان کی حکمرانی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی اور بیروزگاری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: پیپلز پارٹی رہنما مصباح الدین کے گھر پر فائرنگ

تقریب سے صوبائی سینئر نائب صدر سید ایوب، اعظم آفریدی، پشاور ڈویژن کے صدر مصباح الدین شاہ، ضلعی صدر رضا اللہ چغرمٹی، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات سید طاہر عباس، سٹڈی سرکل کے انچارج کامریڈ انور زیب، پیپلز لیبر بیورو کے صدر شاہ ذوالقرنین، پی ایس ایف کے سابق چیئرمین طارق عزیز، میڈیا کوآرڈینیٹر اسامہ یاور اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزاحمتی سیاست کی ہے اور آج بھی ملک کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کو دوبارہ مزدوروں، کسانوں، اقلیتوں، خواتین اور نوجوانوں کے لیے واضح پروگرام دینا ہوگا۔

شرکاء نے ذوالفقار علی بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کے مشن کو جاری رکھا جائے گا اور پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت، آئین اور عوامی حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔

Scroll to Top