خیبر: تھانہ میلواڈ پولیس نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے دور افتادہ علاقے میں خفیہ طور پر کاشت کی گئی سینکڑوں ایکڑ پر محیط افیون کی فصل کو تلف کر دیا۔ کارروائی میں پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او میلواڈ نوشاد خان کی سربراہی میں یہ کامیاب کارروائی میلواڈ کے ایک دور دراز علاقے میں انجام دی گئی جہاں خفیہ طور پر افیون کی فصل کاشت کی گئی تھی۔
ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولیس منشیات جیسے مضر صحت عناصر کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ ہیروئن، آئس، افیون، چرس اور دیگر نشہ آور اشیاء کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پولیس منشیات کے ناسور سے معاشرے کو پاک کرنے کے لیے دن رات مستعد ہے، اور منشیات فروشوں و ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
ڈی پی او نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے خلاف اس قومی مہم میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک صحت مند اور محفوظ مستقبل فراہم کیا جا سکے۔