خیبرپختونخوا: رواں سال دہشتگردی کے واقعات میں 152 افراد شہید، 302 زخمی

خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی بڑھتی ہوئی لہر کے باعث رواں سال کے دوران عوام، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ پختون ڈیجیٹل کو موصول ہونے والی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک مختلف دہشتگرد حملوں میں 152 افراد شہید جبکہ 302 افراد زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق شہدا میں پولیس، ایف سی، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار اور عام شہری شامل ہیں۔ دستاویز کے مطابق رواں سال صوبہ میں 45 عام شہری دہشت گردوں کے حملوں میں شہید جبکہ 127 زخمی ہوئے، جبکہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران 37 پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، اور ان واقعات کے دوران 46 زخمی بھی ہوئے ہیں، دوسری طرف دہشتگردی کے ان واقعات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 29 جوان شہید، 74 زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ شدت پسندوں کے ان حملوں میں ایف سی کے 34 اہلکار شہید اور 43 زخمی ہوئے، بنوں میں 124 اہلکار اور شہری شہید و زخمی ہوئے، خیبر میں 42 ، شمالی وزیرستان میں41 پولیس و عام شہری شہید و زخمی ہوئے، جبکہ حاصہ دار اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے 7 اہلکار شہید 12 زخمی ہوئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں‌ رواں سال دہشتگردی واقعات میں عوام سمیت 152پولیس اہلکار شہید ہوئے ہیں، جبکہ ان واقعات میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 302 ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئی جی خیبرپختونخوا کا جنوبی اضلاع میں دہشتگردی بڑھنے کا اعتراف

Scroll to Top