علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے ہٹانے کی باتیں بے بنیاد ہیں، جنید اکبر

پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں اختلاف رائے ایک حسن ہے اور یہ پاکستان تحریک انصاف کی دوسری سیاسی جماعتوں سے بڑی تفریق ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اختلافات کی گنجائش موجود ہے جبکہ دیگر سیاسی جماعتوں میں کارکنوں کی بجائے سیاسی نوکر ہیں۔

جنید اکبر نے علی امین گنڈاپور کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے ہٹانے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی ایسا ہوتا تو عمران خان انہیں ایک لمحے میں ہٹا سکتے تھے، لیکن ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا علی امین گنڈاپور پر مکمل اعتماد ہے اور جب تک عمران خان کا یہ اعتماد برقرار ہے، پارٹی کا بھی علی امین گنڈاپور پر اعتماد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف مسلسل ایک حالت جنگ میں ہے اور پارٹی کی پوری قیادت روزانہ عدالتوں میں پیش ہو رہی ہے جس کی وجہ سے پارٹی کی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔

علی امین گنڈاپور سے متعلق ایک سوال کے جواب میں جنید اکبر نے کہا کہ غیر ضروری بیانات سے اجتناب کرنا چاہیے اور پارٹی میں اختلافات رہنا ایک معمول کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممکن ہے وزیراعلیٰ کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا ہو ، کسی کی نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا۔ جنید اکبر نے کہا کہ جو بھی نو مئی کے بعد پارٹی کے ساتھ سختیاں برداشت کر رہا ہے، وہ قابل احترام ہے اور اس کی نیت پر شک نہیں کیا جا سکتا۔

Scroll to Top