وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین انتظار میں تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، لیکن انہیں مایوسی ہوئی ہے، شہباز شریف کی انتھک محنت اور ٹیم ورک سے ناممکن کو ممکن بنایا۔
پشاور میں مسلم لیگ یوم تشکر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے اپنی سیاست کی قربانی دےکر ریاست بچائی اور اب وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے،موجودہ حکومت آئی تو مہنگائی کی شرح 38 فی صد تھی ، روٹی سے لیکر ڈیزل ،پیٹرول کی قیمتیں بڑھ رہی تھی،ٹارگٹ تھا مسلم لیگ 2026 تک مہنگائی کو سنگل ڈیجٹ تک لائے،مسلم لیگ نے تمام اتحادی کے ساتھ ملکر ناممکنات کو ممکن بنادیا ۔
وفاقی وزیر امیر مقام کا کہنا تھا کہ سٹاک ایکسچینج بلندی پر جا رہاہے، ملکی معیشت اور برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے،ایک ایسا گروپ موجود ہے جو کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو ترسیلات نہ بھیجنے کا کہتے تھے، سیاسی مخالفین انتظار میں تھے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، لیکن انہیں مایوسی ہوئی ہے،
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا بجلی کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف عید کا تحفہ ہے، یہ ریلیف ایک پارٹی کو نہیں ملی بلکہ پورے پاکستان کو ملے ، لوگ سمجھ چکے ہیں نواز شریف اور شہبازشریف ہی عوام کو ریلیف دے سکتے ہیں، مسلم لیگ کی وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں 6 ہزار 7 سو لوگوں کو 6 ارب سے زائد روپے دئیے،رانا مشہود کی نگرانی میں یوتھ پروگرام کے تحت سکالر شپ اور نوکریاں مل رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کسی افغان باشندے کو زبردستی نہیں نکالیں گے، وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور
وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں موازنہ کرلیں کیا بہتری آئی ہے ، نواز شریف اور شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کررہا ہے ،آرمی چیف ملک کی معیشت اور مسائل کو حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں، سب ایک پیج پر ہونگے تو ملک آگے جائے گا ، سیاست کے اکھٹا ہونا ہوگا۔