9مہینے میں صوبائی ترقیاتی بجٹ صرف 21 فیصد خرچ ہوا ہے، ثمرہارون بلور کا بڑا دعوی

9مہینے میں صوبائی ترقیاتی بجٹ صرف 21 فیصد خرچ ہوا ہے، ثمرہارون بلور کا بڑا دعوی

عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما و سابق رکن صوبائی اسمبلی ثمرہارون بلور نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نےمالیاتی سال 2024-25 کی ترقیاتی بجٹ کا صرف 21 فیصد حصہ ابھی تک خرچ کیا ہے اور تین مہینے میں باقی بجٹ ضائع ہونے یا کرپشن کی نذر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ صوبے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہورہے اور ان سے ایک ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم بھی مکمل نہیں ہورہا۔

پختون ڈیجیٹل کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ثمرہارون بلور نے دعوی کیا کہ رواں مالی سال کا کل ترقیاتی بجٹ 418ارب روپے تھا جس میں 75ارب روپے ضم اضلاع جبکہ 297ارب صوبے کے دیگر اضلاع کیلئے مختص کیا گیا تھا، اب یہ خدشہ پیدا ہوگیا ہے کہ مجوزہ ترقیاتی بجٹ ضائع ہوجائے گا،بی آر ٹی ان کا فلیگ شپ منصوبہ تھا لیکن اس میں بھی دو وزرائے اعلیٰ کے خلاف کرپشن کی انکوائریاں ہوئیں، آج بھی وہ منصوبہ نامکمل ہے،

ثمر ہارون بلور نے فاٹا انضمام کے حوالے سے انکشاف کیا کہ 2018ء میں صوبائی کابینہ کے اجلاس میں عمران خان نے بطور وزیراعظم شرکت کی ، اس وقت انہوں نے میڈیا کے سامنے وفاق کے ذمے واجب الادا رقم دینے سے انکار کیا تھا، حالانکہ اس وقت صوبے اور وفاق دونوں میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی۔

انہوں نے دعوی کیا کہ انسداد دہشت گردی کے مد میں صوبے کو جو رقم ملی اس سے پی ٹی آئی کے ایم پی ایز کے حلقوں میں سٹریٹ لائٹس اور دیگر چھوٹے منصوبے مکمل کئے گئے لیکن ضم اضلاع میں کوئی ترقیاتی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا۔

علی امین گنڈاپور کی جانب سے این ایف سی ایوارڈ کے اجراء کے مطالبے پر گفتگو کرتے ہوئے ثمرہارون بلور نے کہا کہ انکی جماعت اس مطالبے پر ساتھ کھڑی ہے اور وفاق کی جانب سے نیٹ ہائیڈل پرافٹ، این ایف سی اور دیگر بقایا جات فوری طور پر ادا ہونے چاہیے لیکن صوبائی حکومت غیرسنجیدہ ہے کیونکہ علی امین گنڈاپور ایک طرف این ایف سی ایوارڈ کی بات کرتے ہیں تو دوسری جانب دھمکی دیتے ہیں کہ وہ صوبائی ملازمین، پولیس اور دیگر افسران کے ساتھ وفاق پر لشکرکشی کریں گے۔اگر وہ متعلقہ پلیٹ فارمز پر بات نہیں کرسکتے تو اے این پی اپنی خدمات پیش کرنے کیلئے تیار ہیں۔

پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ثمرہارون بلور نے الزام لگایا کہ صوبائی حکومت میں شامل اور اس سے باہر قیادت صرف ایک دوسرے پر الزام تراشی میں مصروف ہیں اور عوامی مسائل پر کوئی بات نہیں کررہا۔ یہ الزامات اے این پی اور دیگر جماعتوں کی جانب سےسالوں سے کررہی ہیں لیکن اس وقت ہمیں گالیاں دی گئیں۔

رہنما عوامی نیشنل پارٹی ثمر ہارون بلور نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کا بھائی شامی روڈ کے ایک بنگلے میں بیٹھ کر ایک متحرک کردار ادا کررہے ہیں، پوسٹنگ ٹرانسفرز کی قیمتیں مقرر کی گئی ہیں، وہاں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے۔

 یہ بھی پڑھیں: ثمرہارون بلور کی خیبرپختونخوا حکومت پر تنقید: پی ٹی آئی کی گورننس اور کرپشن پر سوالات

پی ٹی آئی میں اپوزیشن کے کمزور کردار کے حوالے سے ثمرہارون بلور نے کہا کہ حزب اختلاف کی جانب سے بہت جلد ایک پیج پر ہوں گے جو ابھی تک نہیں کیونکہ مولانا فضل الرحمان کبھی اپوزیشن جماعتوں تو کبھی پی ٹی آئی کے ساتھ نظر آتے ہیں۔ جب تک اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر نہیں ہوں گی تب تک انکی آواز میں کوئی طاقت نہیں ہوگی،رہنما عوامی نیشنل پارٹی ثمر ہارون بلور نے مزید کہا کہ صوبے میں جاری بدامنی کے خلاف جلد عوامی نیشنل پارٹی بڑی تحریک کا آغاز کرے گی،

Scroll to Top