اسلام آباد میں 20 اپریل کو امریکی سفارتخانہ کی جانب مارچ کیا جائے گا،حافظ نعیم الرحمان

جماعت اسلامی نے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے 11 اپریل کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 13 اپریل کو کراچی میں فلسطین مارچ کیا جائے گا جبکہ 20 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی نے غزہ کی بدترین صورتحال پر تمام سیاسی سرگرمیاں معطل کر دی ہیں اور آج سے پورے ملک میں غزہ کے معاملے پر عوامی مہم شروع کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ 11 اپریل کو لاہور میں امریکی سفارتخانے کی طرف مارچ کیا جائے گا، 13 اپریل کو کراچی میں شاہراہ فیصل پر مارچ کیا جائے گا اور 20 اپریل کو اسلام آباد میں امریکی قونصل خانہ کی طرف مارچ ہوگا۔ انہوں نے تمام قوم کو اس مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

حافظ نعیم الرحمان نے فلسطین میں اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کے دوران بھی اسرائیل نے فلسطینی بچوں پر بمباری کی اور ان کے کھیلنے والے میدانوں کو نشانہ بنایا۔

 انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ کے تمام اسپتالوں کو تباہ کر دیا ہے اور مسلم ممالک نے اس پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر مسلم ممالک میں غیرت ہوتی تو اسرائیل ایسی درندگی نہ کرتا۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کا 10 اپریل کو احتجاجی ریلیاں نکالنے کا اعلان ، حکمران جماعت پر سکتہ طاری

امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ فلسطین کی صورتحال پر عالمی برادری کی خاموشی اور دو ریاستی نظریے کو تسلیم کرنے کی باتیں انتہائی افسوسناک ہیں، اور غزہ کی صورتحال پر کوئی بھی عالمی رہنما بات کرنے کو تیار نہیں ہے۔

Scroll to Top