خیبر پختونخوا ، نجی تعلیمی اداروں کے امتحانی مراکز سرکاری کالجز میں منتقل کرنے کا فیصلہ

شمالی وزیرستان میں میٹرک کے امتحانات غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر

بنوں/میران شاہ: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بنوں نے شمالی وزیرستان میں ہونے والے ثانوی جماعت کے امتحانات کو بغیر کسی وجہ کے غیر معینہ مدت کے لیے مؤخر کر دیا ہے۔

پیر کے روز جاری کیے گئے سرکاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ آٹھ اپریل سے شروع ہونے والے میٹرک امتحانات تا حکم ثانی ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ تاہم، بورڈ کی جانب سے امتحانات کے التوا کی کوئی واضح وجہ بیان نہیں کی گئی۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ نئے امتحانی شیڈول کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

امتحانات کے اچانک ملتوی ہونے پر شمالی وزیرستان، میران شاہ کے اساتذہ کی تنظیم نے میران شاہ پریس کلب کے باہر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ جو لوگ قوم کے بچوں سے قلم چھینتے ہیں، وہ ان سے ان کا مستقبل چھین رہے ہیں۔

اساتذہ نے اس فیصلے کو ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی کسی بھی کارروائی کو قبول نہیں کریں گے جو ان کے بچوں کی تعلیم اور مستقبل کو خطرے میں ڈالے۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر نیا شیڈول جاری کیا جائے اور تعلیمی عمل کو کسی صورت متاثر نہ ہونے دیا جائے۔

Scroll to Top