اسلام آباد : وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کی اندرونی اختلافات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اپنے گالم گلوچ بریگیڈ کو ڈس مینٹل کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے سوال کیا کہ کیا پی ٹی آئی کی اندرونی اختلافات ہم کروا رہے ہیں؟ یہ سب سوشل میڈیا کروا رہا ہے۔ رانا ثنا اللہ نے علی امین گنڈا پور کے پوڈکاسٹ کی بھی مذمت کی اور کہا کہ کیا ہم نے انہیں ایسا کرنے کے لیے کہا تھا؟
وزیر مملکت نے نومئی کے واقعات کو بھی پی ٹی آئی کی اپنی غلطیوں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ فالس فلیگ آپریشن کا بیانیہ ہمارا نہیں تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات پاکستان میں ہمیشہ ویسے ہی ہوتے آئے ہیں، جیسے 2018 اور 2024 میں ہوئے، اور سیاست دانوں کو بیٹھ کر الیکشن ریفارمز پر بات کرنی ہوگی تاکہ الیکشن کمیشن کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
رانا ثنا اللہ نے محمود اچکزئی کو دعوت دی کہ وہ آئیں اور بتائیں کہ ان کے استعفے دینے کی ضرورت کیوں ہے، اور کہا کہ جب تک سیاسی جماعتیں ایک ساتھ بیٹھ کر بات نہیں کریں گی، معاملات آگے نہیں بڑھ سکتے۔ اسٹیبلشمنٹ کا واضح مؤقف ہے کہ سیاسی جماعتیں آپس میں بات کریں اور مسائل کا حل نکالیں۔
پی ٹی آئی کی اندرونی سیاست کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو ن لیگ کا مستقبل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی سیاسی جدوجہد بے مثال ہے۔
انہوں نے اپنے والد نواز شریف کے جیل جانے کے باوجود پارٹی کی قیادت کی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مریم نواز پارٹی کی منتخب وزیر اعلیٰ ہیں، اور نگراں وزیر اعلیٰ اور منتخب وزیر اعلیٰ میں فرق ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو بدحالی کی طرف دھکیل دیا، رانا تنویر حسین
انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف نے درگزر کی سیاست اپنائی جبکہ بانی پی ٹی آئی نے نفرت کی سیاست کو فروغ دیا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جو گڑھا کھودا تھا، اس میں وہ خود گر چکے ہیں۔