پاکستان ٹیم کی کارکردگی پی ایس ایل پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے، حسن علی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم کراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کرکٹ ٹیم اچھا پرفارم نہیں کرے گی تو اس کا اثر پی ایس ایل پر بھی پڑے گا۔

حسن علی کا کہنا تھا کہ جب قومی ٹیم اچھا کھیلتی ہے تو پی ایس ایل کا گراف بھی اوپر جاتا ہے اور لیگ میں دلچسپی بڑھتی ہے۔

کراچی میں پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل کراچی کنگز کے پریکٹس سیشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حسن علی نے کہا کہ جب قومی ٹیم پرفارم نہیں کرتی تو اس کا اثر فرنچائز لیگ پر آتا ہے۔

 انہوں نے قومی ٹیم کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ نتائج کے باوجود ٹیم میں نئے کھلاڑی ہیں، جنہیں وقت دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی غلطیوں سے سیکھ سکیں اور بہتری لا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کامیابی پی ایس ایل کے لیے اہمیت رکھتی ہے کیونکہ جب پاکستان اچھا کھیلتا ہے تو پی ایس ایل کا معیار بھی بہتر ہوتا ہے اور فینز کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔ حسن علی نے کہا کہ پاکستان کے فینز بہت جذباتی ہوتے ہیں اور ٹیم کی پرفارمنس سے خوشیاں ملنا ضروری ہے۔

حسن علی نے پی ایس ایل اور آئی پی ایل کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل اس بار آئی پی ایل سے متصادم ہے لیکن پی ایس ایل کی یہ ونڈو پہلے سے طے شدہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ فینز وہ ایونٹ دیکھتے ہیں جہاں اچھی پرفارمنس ہو، اور اگر پی ایس ایل میں اچھا کھیل پیش کیا جائے تو فینز آئی پی ایل چھوڑ کر پی ایس ایل دیکھنے آئیں گے۔

پی ایس ایل کے برانڈ کے حوالے سے حسن علی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے بہت سارے پلیئرز کو منظرعام پر لایا ہے اور یہ ٹورنامنٹ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بہت بڑا پلیٹ فارم ہے جہاں وہ ٹاپ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر اپنے کھیل میں بہتری لا سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر پی ایس ایل میں پرفارم کیا جائے تو سلیکٹرز اور مینجمنٹ کی توجہ حاصل کی جا سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں پی ایس ایل میچ آفیشلز کی تفصیلات سامنے آ گئیں

حسن علی نے اپنے حالیہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی میں اچھی پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ وہ پی ایس ایل 10 میں بھی اچھی پرفارمنس دینے کی پوری کوشش کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل ان کے لیے بہت اہم ہے اور وہ اپنے کم بیک کے لیے بھرپور محنت کریں گے۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل 10 کا افتتاحی میچ 11 اپریل کو دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

Scroll to Top