پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر تاج حیدر انتقال کر گئے۔
سینئر سیاستدان تاج حیدر کے اہلخانہ نے ان کی وفات کی تصدیق کر دی۔ وہ کراچی کے مقامی ہسپتال میں زیرعلاج تھے۔ مرحوم کے نمازِ جنازہ و تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما وقار مہدی نے کہا کہ تاج حیدر ہمارے دیرینہ ساتھی اور بہترین سیاسی کارکن تھے، وہ پیپلزپارٹی کے بنیادی و نظریاتی کارکنان میں سے ایک تھے، ان کی سیاسی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت اہم رہنمائوں نے تاج حیدر کے انتقال پر اظہار افسوس کا اظہار کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہائیوں پر محیط سینیٹر تاج حیدر کی سیاسی، سماجی اور ادبی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکے گا۔ تاج حیدر تہذیب اور شائستگی کا ایک باوقار پیکر تھے، وہ ایک تخلیقی ذہن کے مالک تھے۔
انہوں نے کہا کہ تاج حیدر کی جمہوریت کے لئے جدوجہد اور قربانیاں نئی نسل کے لئے ایک مشعل راہ ہیں۔ تاج حیدر پاکستانی سیاست میں شعور اور دانش کی ایک شناخت تھے۔تاج حیدر کے انتقال سے دلی دکھ اور صدمہ ہوا۔
شیری رحمان نے تاج حیدر کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتی ہوں۔ تاج حیدر پارٹی کا اثاثہ تھے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ مرحوم جمہوریت کے سچے سپاہی، دیندار اور علم و عمل والے کھرے انسان تھے۔
شیری رحمان نے کہا کہ جمہوریت، پاکستان اور سندھ کے حقوق اور عوام کی فلاح کیلئے تاج حیدر نےگراں قدر خدمات انجام دیں۔ تاج حیدر دھیمے مزاج کے بامروت لیکن اصولوں پر ڈٹ کر کھڑے والے ہونے بہادر شخص تھے۔ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل دے۔