ایبٹ آباد میں کرش پلانٹس کی نگرانی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اجلاس

ایبٹ آباد: ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ ثناءاللہ خان کی زیر صدارت کرش پلانٹس کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کرش پلانٹس کی مانیٹرنگ، ان کے ایس او پیز پر عملدرآمد اور شہریوں کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں ایبٹ آباد، لورہ اور حویلیاں کے کرش پلانٹس کی نگرانی اور اُن سے پیدا ہونے والے مسائل پر غور کیا گیا۔ شہریوں کی جانب سے بلاسٹنگ، پہاڑوں اور درختوں کی کٹائی، اور ماحولیات آلودگی جیسے مسائل کی شکایات بھی سامنے آئیں۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ ثناءاللہ خان نے مائنز اینڈ منرل، انڈسٹریز، انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی، اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی کہ وہ ایبٹ آباد، لورہ، حویلیاں اور دیگر علاقوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے تمام کرش پلانٹس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان پلانٹس کی مانیٹرنگ کو مزید سخت کیا جائے گا تاکہ شہریوں کی مشکلات کا فوری حل نکالا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں سپریم کورٹ کے حکم باجود ایبٹ آباد کے کرش پلانٹ میں بلاسٹنگ جاری

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل گوہر علی، ڈپٹی ڈائریکٹر مائنز اینڈ منرل ڈاکٹر حبیب جان، محمد شعیب رفیق اسسٹنٹ ڈائریکٹر منرل، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سمیت محبوب خان ایس پی پولیس ڈیپارٹمنٹ، انسپکٹر مائنز بشری نواز، نمائندہ کنزیومر پروٹیکشن، اور نمائندہ انوائرمنٹ پروٹیکشن نے بھی شرکت کی اور اس سلسلے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس اجلاس کے دوران کرش پلانٹس کے مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور جلد از جلد ان کے حل کے لیے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

Scroll to Top